ہری پور۔ 24 جولائی (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ ہری پور اور پاک آسٹریا فاخوشولے انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی نے مختلف شعبوں اور عوامی مفادات کے امور میں تعاون پر مبنی تعلیم، تحقیق اور ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔ اس سلسلہ میں دونوں فریقین کی جانب سے اہم عہدیداروں نے شرکت کی جن میں ضلع ہری پور کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اصلاح الدین، سپرنٹنڈنٹ قاسم شاہ اور ان کی ٹیم جبکہ پاک آسٹریا فاخوشولے انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے ریکٹر ڈاکٹر مجاہد، ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر ارشد حسین، ایچ او ڈی انگلش، زینب عظمت، انٹرن شپ کوآرڈینیٹر، صابر شاہ اور سپرنٹنڈنٹ ڈی سی آفس قاسم شاہ بخاری نے شرکت کی۔
مفاہمت ناموں میں مختلف باہمی تعاون کی سرگرمیوں کا خاکہ پیش کیا گیا۔ اس مفاہمت نامہ کا مقصد طلبہ کیلئے تربیتی پروگرام اور طلبہ کیلئے انٹرن شپ، کارکردگی کا جائزہ اور انٹرن شپ کیلئے سرٹیفیکیشن شامل ہیں۔ مزید برآں مشترکہ تحقیقی منصوبہ، طلبہ اور فیکلٹی کے دورے، سائنسی سیمینارز، کانفرنسز اور ورکشاپس کی مشترکہ تنظیم وغیرہ کی میزبانی کو فروغ دیا جائے گا۔
اس معاہدہ میں معلومات، مطبوعات، رپورٹس اور دیگر تعلیمی مواد کا تبادلہ بھی شامل ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعہ طلباءکو ضلع کے مختلف محکموں اور دوسری فارمیشنز میں عملی تربیت کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اصلاح الدین نے کمیونٹی کی ترقی کیلئے باہمی فائدے اور اس طرح کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے اور ڈپٹی کمشنر آفس ہری پور مشترکہ مقاصد کے حصول اور تعلیمی اور تحقیقی مواقع کو بڑھانے کیلئے اپنے وسائل اور مہارت کو بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہیں۔