پشاور۔ 12 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر دیر بالا عرفان علی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی ٹمبر مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر شرینگل محمد بلال نصیر نے لیویز فورس نفری کے ہمراہ جیٹکوٹ چیک پوسٹ شرینگل پر ناکہ بندی کرکے قیمتی دیار کی لکڑی کی سمگلنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے اُن سے سلیپر بحق سرکار ضبط کر لئے گئے جبکہ ملزمان کے خلاف فارسٹ ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کردی۔
اس کے علاوہ انہوں نے لیویز فورس نفری کے ہمراہ سب ڈویژن شرینگل کے مختلف علاقوں کو جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ دورانِ چیکنگ مسافروں سے کرایوں کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔سرکاری کرایہ نامے کی خلاف ورزی پر متعدد ڈرائیورز کو موقع پر جرمانہ کیاگیا۔
بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر نے رورل ہیلتھ سنٹر ہسپتال شرینگل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں میریضوں کودی جانیوالی طبی سہولیات،علاج معالجے کے معیار،صفائی کی صورتحال اور ادویات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے طبی عملہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال آئے ہوئے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔