ضلعی انتظامیہ لاہور کی پانی کے ری سائیکلنگ سسٹمز کی مانیٹرنگ، متعدد پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی

109
District Administration Lahore
District Administration Lahore

لاہور۔4اپریل (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے پانی کے تحفظ اور ری سائیکلنگ سسٹمز کی تنصیب و فعالیت کے سلسلے میں مانیٹرنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔اسسٹنٹ کمشنر صدر نے انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کے ہمراہ مختلف پٹرول پمپس کا معائنہ کیا۔ دوران چیکنگ یورو پمپ کے واشنگ ایریا میں نصب ری سائیکلنگ سسٹم غیر فعال پایا گیا جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے واشنگ ایریا کو سیل اور ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر صدر نے کہا کہ ری سائیکلنگ سسٹم فعال نہیں تھا جو قوانین کی خلاف ورزی ہے۔دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نے بیدیاں روڈ پر واقع اٹک پٹرول پمپ کا معائنہ کیاجہاں ویسٹ واٹر ری سائیکلنگ سسٹم نصب نہیں تھا اس سنگین خلاف ورزی پر پٹرول پمپ کو سیل کر دیا گیا۔ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے کہا کہ پانی جیسی عظیم نعمت کا تحفظ ہر فرد کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔

ہمیں چاہیے کہ اس نعمت کی قدر کریں اور پانی کو ضائع ہونے سے بچائیں۔ضلعی انتظامیہ لاہور اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے نہ صرف مانیٹرنگ کو یقینی بنا رہی ہے بلکہ خلاف ورزیوں پر فوری اور موثر کارروائی بھی کر رہی ہے تاکہ شہر میں ماحولیاتی بہتری اور پانی کے محفوظ استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔