راولپنڈی۔5جولائی (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ مری کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کا عملہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں ہائی الرٹ رہے گا۔ ریسکیو اہلکاروں کو ایمرجنسی کور پلان کے تحت تعینات کیا گیا ہے جو روڈ ٹریفک حادثات، میڈیکل ایمرجنسیز ،دیگر چھوٹے بڑے حادثات اور مریضوں کی بروقت منتقلی کے لیے بلا تعطل خدمات سر انجام دیں گے۔
نویں اور دسویں محرم الحرام کے دوران ضلع مری اور تحصیل کوٹلی ستیاں میں تمام بڑی مجالس اور جلوسوں کے ہمراہ ریسکیو عملہ موجود رہے گا۔ ضلعی سطح پر کوڈ ریڈ ایکٹیو کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ ریسکیو انچارچز کو ان کے فرائض کی انجام دہی کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔
عزاداروں کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مری شہر، تریٹ، سمبل سیداں، نیو مری اور دیگر اہم امام بارگاہوں پر خصوصی میڈیکل کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں۔ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔
ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلوسوں میں شرکت کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع دیں۔