نارووال ،08 جنوری (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ نارروال نے سال 2023ء میں ذخیرہ اندوزی اور اوور چارجنگ کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر مہم کی سالانہ رپورٹ جاری کردی، یکم جنوری سے 31 دسمبر 2023ء تک ضلع بھر میں 1 لاکھ 54 ہزار 652 انسپکشنز کی گئیں، خلاف ورزی کے مرتکب 6353 دکانداروں کو 20 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز ذیشان نیاز نےسالانہ کارکردگی رپورٹ کےحوالے سے بتایا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کے خصوصی احکامات کی روشنی میں صوبہ کے دیگراضلاع کی طرح ضلع نارووال میں بھی شہریوں کو سستے داموں اشیاءخوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایاجارہا ہے۔
اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پرپرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کاجائزہ لیاجارہا ہے۔ڈپٹی کمشنرنارووال سیدحسن رضاکی ہدایت پر اشیاءخوردونوش کی قیمتوں میں استحکام رکھنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر دکانوں کا معائنہ کررہے ہیں اورخلاف ورزی کرنے والوں کو نہ صرف بھاری جرمانہ بلکہ ایف آئی آر کا اندراج اوردکانوں کو سیل کیاجارہاہے۔گزشتہ سال 2023ء میں خصوصی مہم کے دوران147مقدمات درج کرکے 1ہزار609افرادکوپابندسلاسل کیاگیااوراس دوران74دوکانیں بھی سیل کی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=427911