ننکانہ صاحب۔ 22 اکتوبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے زیراہتمام جمنیزیم ہال میں سموگ کے خاتمے کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے منعقدہ سیمنار میں خصوصی شرکت کی۔اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رانا عنصرجمیل ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد اشرف ، سیکرٹری یونین کونسلز ، نمبرداران سمیت کاشتکاروں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ پنجاب میں فضا بہت آلودہ ہو چکی ہے ، ماحول صاف کرنے کے لیے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہو گا ، ماحول کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے سے ماحول خراب ہو گیا ہے۔ اس موقع پرانہوں نے اے پی پی سے خصوصی طور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ماحول کو صحت مند بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہونگے ، 100 سے زائد انڈیکس انسانوں اور جانوروں کے لیے بھی خطرناک ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر نے کہا کہ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والوں کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں ہونگی ، فصلوں کے بقیہ کو آگ لگانے والے 47 زمینداروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائی گئی ہیں ، ماحول خراب کرنے والوں کو لاکھوں روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سموگ کا باعث بننے والوں کے خلاف آج سے سخت ایکشن ہو گا ، گرفتار کرکے جیلوں میں بجھوائیں گے ، جس موضع میں فصلوں کے بقیہ کو آگ لگے گئی ، وہاں کا نمبردار ذمہ دار ہو گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=515759