ملتان۔ 28 دسمبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ نے حادثات کی روک تھام کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کردی ہے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے ایکسل لوڈ منیجمنٹ کیلئے خصوصی چیکنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ ہفتہ کے روز ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجلاس بھی ہوا۔انہوں نے ضلع بھر میں ہیلمٹ کی پابندی یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کئے۔ اجلاس میں سیکرٹری آر ٹی اے محسن نثار اور اسسٹنٹ کمشنرز سمیت ضلعی افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں روزانہ 76 سے زائد سڑک حادثات ریکارڈ ہونا تشویشناک ہے، حادثات کی روک تھام اور اوور لوڈنگ روکنے کیلئے ٹرانسپورٹ انفورسمنٹ انسپکٹرز تعینات کردیے گئے ہیں۔فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل نہ کرنے والی سرکاری و نجی گاڑیوں کو فوری آف روڈ کیا جائے گا۔سیکریٹری آر ٹی اے محسن نثار نے اس موقع پر بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے 5 ہزار سے زائد گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کئے ہیں۔علاوہ ازیں سموگ کی روک تھام کےلئے 3 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔