وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر کمشنر فیصل آباد مسرت جبین اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے احکامات کے تحت محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو شدید گرمی سے ریلیف فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے
ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے دوران خصوصی اقدامات کا آغاز کردیا، ترجمان سٹی گورنمنٹ

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 21 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر کمشنر فیصل آباد مسرت جبین اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے احکامات کے تحت محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو شدید گرمی سے ریلیف فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سٹی گورنمنٹ کی جانب سے اینٹی سموگ گن کے ذریعے محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر مسلسل پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے تاکہ موسم کی شدت میں کمی لائی جا سکے اور عزاداروں کو بہتر ماحول میسر آ سکے۔اتوار کو ترجمان سٹی گورنمنٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں پنجاب حکومت کی جانب سے فیصل آباد کو دو جدید اینٹی سموگ گنز فراہم کی گئی ہیں جنہیں شہریوں کی سہولت اور ماحولیاتی بہتری کے لیے مختلف مقامات پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ محرم الحرام کے موقع پر انہی مشینوں کے ذریعے جلوسوں کے راستوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی اور گردوغبار پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق یہ خصوصی مہم یوم عاشورہ تک جاری رہے گی۔ 9 اور 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے دوران عزاداروں کو گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے اینٹی سموگ گنز کے ذریعے وقفے وقفے سے پانی کا اسپرے کیا جائے گا تاکہ جلوسوں میں شریک افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کی سہولت، تحفظ اور فلاح کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ جلوسوں کے روٹس پر صفائی، روشنی، طبی امداد، پینے کے پانی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ گرمی کے اثرات کم کرنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ترجمان سٹی گورنمنٹ نے مزید کہا کہ اینٹی سموگ گنز کی فراہمی پنجاب حکومت کا ایک اہم اقدام ہے جس سے نہ صرف محرم کے جلوسوں کے دوران عوام کو ریلیف مل رہا ہے بلکہ مستقبل میں بھی شہر میں ماحولیاتی بہتری اور شہری سہولیات کے فروغ میں مدد حاصل ہوگی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور محرم الحرام کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔








