پشاور۔ 27 جون (اے پی پی):صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نےگزشتہ 4روزکے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے 83 دکاندار گرفتار کرلیے۔
ڈپٹی کمشنرپشاورکے دفتر سے جاری بیان کے مطابق صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ پشاور نے چار روز کے دوران مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے گرانفروشی، کم وزن روٹی فروخت کرنے اورسرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پر 83دکانداروں کو گرفتار کر لیا جبکہ 52 دکانداروں کو مزید بہتری کے حوالے سے وارننگ دی گئی ۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ پشاور نے جی ٹی روڈ، سرکلر روڈ، چارسدہ روڈ، دلہ زاک روڈ، حیات آباد، یونیورسٹی روڈ، گلبہار، پہاڑی پورہ، کوہاٹ روڈ اوردیگر علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا۔ان گرفتار دکانداروں میں قصاب، نانبائی، سبزی و پھل فروش اور دیگر شامل ہیں۔ گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ پشاور کے مطابق صوبائی دارلحکومت میں انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر سبزی و پھل منڈیوں میں سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں شہر بھر میں سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔اس حوالے سے انتظامی افسران کو شہربھر میں بازاروں کا مسلسل معائنہ کرنے کا حکم دیا ہے اور گرانفروشی پر قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔