ضلعی انتظامیہ پشاور نے رنگ روڈ پر واقع پرانے ٹائر اور ربڑ فروخت کرنے والے گودام کو سیل کر دیا، مالک گرفتار

86

پشاور۔ 01 فروری (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ پشاور نے رنگ روڈ پر واقع پرانے ٹائر اور ربڑ فروخت کرنے والے گودام کو سیل کرکے مالک کو گرفتار کر لیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ پشاور نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کےلیے کارروائی کرتے ہوئے رنگ روڈ پر واقع ایک گودام کو سیل کر دیا جہاں پرانے ٹائر اور ربڑ فروخت کیے جا رہے تھے جبکہ گودام کے مالک کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔یہ ٹائر اور ربڑ اینٹوں کے بھٹوں میں بطور ایندھن استعمال کیے جا رہے تھے

جس کے نتیجے میں زہریلا دھواں خارج ہو کر ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا باعث بن رہا تھا۔ یہ اقدام حکومت کے ماحولیاتی تحفظ کے قوانین کے تحت کیا گیا تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ایسی تمام غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی۔

انتظامیہ نے عوام سے گزارش کی ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔