ضلعی انتظامیہ کا وال چاکنگ کےذریعے شہر کی خوبصورتی متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

54
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے وال چاکنگ کےذریعے شہر کی خوبصورتی متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آبادعرفان میمن نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو وال چاکنگ کے خاتمہ کے لئے مہم کا آغاز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق ضلع بھر میں وال چاکنگ ختم کرنے کے لیے خصوصی ٹیمز تشکیل دے دی گئی ہیں۔ڈی سی نے ہدایت کی ہے کہ وال چاکنگ کرنے والے ایڈورٹائزرز کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا جائے۔اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں ٹیمز مختلف علاقوں میں وال چاکنگ ختم کروائیں گی،وال چاکنگ ختم کروانے میں متعلقہ یونین کونسل سیکرٹری اور سی ڈی اے بھی مہم کا حصہ ہونگے۔

اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں مختلف ٹیمز کی جانب سے وال چاکنگ کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈی سی اسلام آبادعرفان میمن نے وفاقی دارالحکومت کے شہریوں سے وال چاکنگ پر پابندی پر عملدرآمد کرنے کی اپیل کی ہے ۔ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ شہری وال چاکنگ کرنے والے عناصر کی نشاندہی کریں، وال چاکنگ کا خاتمہ کر کے شہر کی خوبصورتی کو دوبارہ بحال کریں گے۔