لاہور۔25اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیر نگرانی شہر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور استحکام کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مارکیٹوں میں سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی سی لاہور کے مطابق سرکاری نرخنامہ کی خلاف ورزی پر سخت جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جا رہی۔اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
مذکورہ اقدامات کے باعث لاہور میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق پالک اور لہسن کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے جبکہ 17 اہم سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام کا رجحان برقرار ہے۔
سیب، کیلا، امرود سمیت دیگر پھلوں کی قیمتیں بھی مستحکم ہو گئی ہیں۔ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے کہا ہے کہ عوام کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور مہنگائی کے خلاف اقدامات تسلسل سے جاری رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ جاری رہے گی اور کسی بھی غیر منصفانہ کاروباری عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587647