ضلع استا محمد میں قائداعظم کے حوالہ سے مختلف اسکولوں میں تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ جاری

70

کوئٹہ۔ 28 دسمبر (اے پی پی):ضلع استا محمد میں قائداعظم کے حوالہ سے مختلف اسکولوں میں تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتہ کو اس سلسلے میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول استامحمد میں بھی یوم پیدائش قائد اعظم محمد علی جناح کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر استا محمد ارشد حسین جمالی خصوصی طور شریک ہوئے جبکہ دیگر مختلف اسکولز کے ہیڈ ماسٹرز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اختیار بابر سمیت اساتذہ کرام اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

بچوں نے نعت خوانی،ملی نغمے اور قائد اعظم کی محنت و جدوجہد پر تقریریں پیش کیں۔ تقریری مقابلوں میں بہتر کارکردگی پر طلباء میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی نے کہا کہ قائداعظم نے جدوجہد کر کے ہمیں ایک اسلامی ریاست دی جس میں آج ہم آزاد فضاؤں میں سانسیں لے رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اب ہم سب نے مل کر کردار ادا کرنا ہے ۔اس موقع پر انہوں نے تمام اساتذہ کرام پر بھی زور دیا کہ وہ بچوں کو دنیاوی تعلیم سمیت دینی تعلیمات سے بھی آراستہ کرنے کے لیے تمام تر توانائیاں صرف کریں تاکہ وہ ایک نہ صرف کارآمد شہری ابھر کر سامنے آئیں بلکہ ملک کی تعمیر وترقی میں بھی مثبت کردار ادا کر سکیں ۔تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اختیار بابر اور ہیڈ ماسٹرز نے بھی خطاب کیا۔