ضلع استور کےعلاقہ گوریکوٹ میں دو روزہ ونٹر سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد

87

استور۔16 جنوری (اے پی پی):سخت سرد موسم میں گھروں تک محدود رہنے والے لوگوں کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے اور سرمائی کھیلوں کے ذریعے سرمائی سیاحت کو پروان چڑھانے کی غرض سے ضلعی انتظامیہ استور کے زیر اہتمام محکمہ سیاحت اور پاک فوج کے تعاون سے دوسرا دو روزہ ونٹر سپورٹس فیسٹول کا آج سے سٹی پارک گوری میں آغاز ہوگیا. فیسٹول کا افتتاح ڈپٹی کمشنر استور محمد طارق نے کیا.

جبکہ افتتاحی تقریب میں لائن ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈز, عمائدین گوری کوٹ , کھلاڑیوں اور شائقین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی. اس دو روزہ ونٹر سپورٹس فیسٹول میں سنو فٹ بال, والی بال, شاٹ پٹ, گھٹل پولو, پنڈوک سمیت دیگر علاقائی روایتی کھیلوں کے مقابلے منعقد ہونگے. ان مقابلوں میں سینکڑوں کھلاڑی اپنی قسمت آزمائی کرینگے. افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ ڈپٹی کمشنر استور محمد طارق نے کہا ونٹر سپورٹس فیسٹول کے انعقاد کا بنیادی مقصد سخت موسم کے باعث گھروں تک محدود لوگوں کو تفریح کے مواقع پیدا کرنا اور ساتھ ہی ان کھیلوں کے ذریعے سرمائی سیاحت کو ترقی دینا شامل ہے.

اس کے علاوہ ہماری ثقافتی کھیل جن کا وجود کو خطرہ لاحق ہے کو دوبارہ زندہ رکھنا ہے تاکہ ہماری ثقافت کی ترویج ہوسکے اور ہماری ثقافت کو دیکھنے کے لیے باہر سے سیاح آینگے تاکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع پیدا ہونگے. ڈپٹی کمشنر استور نے شاندار انتظامات پر سب ڈویژنل انتظامیہ شونٹر اور چیف آفیسر ضلع کونسل شفیق احمد کو شاباش دی اورساتھ ہی محکمہ سیاحت اور پاک فوج کا فیسٹول میں شاندار تعاون بھی شکریہ ادا کیا. ونٹر سپورٹس فیسٹول میں آج فٹ بال ,والی بال, پنڈوک, گولہ تھرو, اور گٹھل پولو کے مقابلے منعقد ہوۓ جس میں کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔