اٹک۔ 03 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے کہا ہے کہ ضلع اٹک کو آئی ٹی کا جدید ترین مرکز اورصحت وتعلیم میں پاکستان بھر کا مثالی ضلع بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید،اسسٹنٹ کمشنراٹک انزہ عباسی،سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد اخلاق، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسماعیل،ایم ایس گورنمنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ اسپتال ڈاکٹر جواد الہی،پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج اٹک ڈاکٹر سید محمد عمران، پرنسپل گورنمنٹ کالج برائے خواتین اٹک ڈاکٹر ثوبیہ عشرت،مختلف عالمی اداروں کے نمائندوں کےعلاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پراجلاس میں ڈسٹرکٹ پبلک سکول اٹک سمیت ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں جدید ترین آئی ٹی لیبز ،سائنس لیبزکا قیام اوراپ گریڈیشن،ضلع میں صحت کی سہولیات کے ضمن میں جدید ترین طبی سہولیات اور مشینوں کی فراہمی،ڈیجیٹل لائبریریوں کا قیام،آئی ٹی پارک،ڈائلائسس سینٹرز،سرکاری عمارتوں کی شمسی توانائی پر منتقلی،واٹر فلٹریشن پلانٹس، جدید ترین ایکسرے مشینوں اورویل چئیرز کی فراہمی اور دیگر اہم موضوعات زیر بحث لائے گئے۔ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے کہا کہ جدید ترین آئی ٹی لیبز کے قیام اور اپ گریڈیشن سےسکل بیسڈ ایجوکیشن کے حصول میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ لرن اینڈارن پروگرام کےتحت پہلےہی تعلیمی اداروں میں سکل بیسڈ ایجوکیشن کا آغاز کر دیا گیا ہےجس سے ضلع اٹک کی نوجوان نسل مستفید ہو رہی ہے اور اب اس پروگرام کومزید ترقی دی جائے گی۔
اس کے علاوہ صحت کے میدان میں بھی عوامی سہولت کےلیے انقلابی اقدامات کیے جائیں گے۔راؤ عاطف رضا نے کہا کہ ضلع اٹک کے لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیےتمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ڈیجیٹل لائبریریز کے قیام سےتعلیمی انقلاب آئے گا جس سے عوامی شعور میں پختگی واقع ہوگی۔\378