جموں۔7ستمبر (اے پی پی):بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے درجنوں پہاڑی دیہات کوندی نالوں میں پانی کی سطح کم ہونے اور بارش نہ ہونے کی وجہ سے قحط سالی جیسی صورتحال کا سامنا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پریشان حال دیہاتیوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ علاقے کے لیے قابض انتظامیہ کی طرف سے اعلان کردہ واٹر پمپ کو ایک سال بعد بھی نصب نہیں کیاگیا ہے ۔کوئل مقام، ملنگم، ترکپورہ، پہل پورہ اور مانگنی پورہ کے دیہاتیوں نے منی سیکرٹریٹ بانڈی پورہ میں جمع ہو کر قابض انتظامیہ سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا بصور ت دیگر ان کی فصلیں بری طر ح متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
کوئل مقام گائوں کے رہائشی پیرزادہ شمس الدین شاہ نے کہاکہ علاقے میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے بونار نالہ میں پانی کی سطح کم ہوگئی ہے اور وہ اپنی فیصلوں کو بھی پانی نہیں دے پارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انہیں گزشتہ سال بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور قابض انتظامیہ لفٹ اریگیشن سکیم بنا رہی تھی لیکن یہ منصوبہ طویل المدتی تھا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے محکمہ آبپاشی ایک سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد بھی علاقے میں واٹر پمپ لگانے میں ناکام رہاہے۔