راولپنڈی۔ 23 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں انسداد ڈینگی اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں، انسداد ڈینگی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، تعلیم، ریسکیو، زراعت، جنگلات سمیت تمام ادارے انسداد ڈینگی اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ڈینگی مریضوں کی تعداد میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔ عوام سے التماس ہے کہ انسداد ڈینگی ایس او پیر پر عمل کریں اور محفوظ صحت مند معاشرے کے لیے انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
ڈی سی مری نے کہا کہ اس وقت 4 سو 41 انسداد ڈینگی ورکرز فیلڈ میں متحرک ہیں جبکہ 1سو 50 ڈیلی ویجز ملازمین بھی انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔ ڈینگی سے متاثرہ یونین کونسل پھگواڑی اور گہل میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے خصوصی آگاہی مہم بھی جاری ہے۔ ضلع بھر میں فوگنگ بھی کی جا رہی ہے۔ انسداد ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔