بھکر۔ 28 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع کی چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی جن میں اسسٹنٹ کمشنر بھکر مہتاب احمد خان، اسسٹنٹ کمشنر دریا خان حمزہ ندیم، اسسٹنٹ کمشنر کلورکوٹ عارف انجم اور اسسٹنٹ کمشنر منکیرہ ظہیرالدین بابر شامل تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام مجسٹریٹس فیلڈ میں جا کر عملی طور پر اوورچارجنگ کے خلاف کارروائیاں کریں اور قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے موثر اقدامات اٹھائیں۔انہوں نےکہا کہ اوورچارجنگ اور اشیائےخوردونوش کی قیمتوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائےگا۔چکن،چینی ،آٹا،میدہ،روٹی ،بیف ،مٹن،سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری نرخوں میں دستیابی یقینی بنائیں گراں فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی جائے ان پر بھاری جرمانے اور انکے خلاف ایف آئی آرز درج کروائی جائیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے واضح کیا کہ جو مجسٹریٹ اپنی ورک رپورٹ میں عمدہ کارکردگی پیش نہیں کرے گا ۔اس پرائس کنٹرول مجسٹریٹ سے سخت باز پرس کی جائے گی۔انہوں نےکہا کہ ضلع میں پرائس کنٹرول کے سلسلہ میں بھرپور انداز میں کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے تاکہ عوام الناس کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔