بہاولنگر 20 دسمبر (اے پی پی):ضلع بہاولنگر میں قومی و صوبائی حلقوں کے عام انتخابات 2024کے لئے تمام ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران سے ان کے فرائض اور ذمہ داریوں کا حلف لے لیا گیاہے
،اس سلسلہ میں ایک اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر / ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نےریٹرننگ واسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز سے حلف لیا۔تمام ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران نے الیکشن ایکٹ 2017،الیکشن رولز 2017اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت کے مطابق اپنی ذمہ داریاں بھر پور صلاحیت سے سر انجام دینے کا حلف اٹھایا اور اپنے اپنے فارم پر کر کے دستخط ثبت کئے ۔
عام انتخابات کے لئے ضلع میں 12 ریٹرننگ آفیسرز اور 24 اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز تعینات کئے گئے ہیں۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر/ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے بتایا کہ امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جاری کرنے کا سلسلہ 20دسمبر سے شروع کر دیا جائے گا،کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 22دسمبر 2023 ہے۔