بہاولپور۔ 03 جولائی (اے پی پی):ضلع بہاولپور میں وزیراعلیٰ پنجاب کے "زیادہ گندم اگاؤ پروگرام” کے تحت 35 کاشتکاروں میں گرین ٹریکٹرز تقسیم کیے گئے۔اس ضمن میں محکمہ زراعت پنجاب کے زیراہتمام تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ایم این اے ملک محمد اقبال چنڑ جبکہ صدارت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے کی۔
تقریب میں مہمان خصوصی نے کہا کہ 8 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کے ٹریکٹرز کی مفت فراہمی اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب زراعت کی ترقی کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔
محکمہ زراعت کے مطابق ضلع بھر سے 891 درخواست گزاروں میں سے شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے 35 کاشتکاروں کو منتخب کیا گیا جس میں تحصیل بہاولپور سے 8 حاصلپور 7 ،احمدپور شرقیہ 6، یزمان 9 اورخیرپور ٹامیوالی کے 6 کاشتکاروں میں مفت 55 ہارس پاور کے گرین ٹریکٹرز تقسیم کئے گئے۔
اس موقع پر ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر رانا محمد طارق، چوہدری خالد محمود ججہ، سردار خالد بابر وارن، ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد جمیل غوری،ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ محمد شفیق، دیگر افسران اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔