ضلع جہلم میں مزید 14 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق، اس حوالے سے مسائل کے حل کیلئے یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری کا ٹویٹ

67

اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ ضلع جہلم میں مزید 14 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونی کی تصدیق کے بعد اس حوالے سے مسائل کے حل کیلئے یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے اقدامات سے متاثرہ طبقہ کی ضروریات اور مسائل کے پیش نظر فوری اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی ضروریات کے پیش نظر راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ کی فہرستیں تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہلم میں کورونا کے مزید14 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ زیادہ تر مریض بیرون ملک سے آئے ہیں یا ان کے قریبی عزیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بیرون ملک سے واپس آنے والے افراد سے بارہا درخواست کی ہے کہ وہ 14 روز کیلئے قرنطینہ میں رہیں اور دیگر افراد سے میل ملاقات سے گریز کریں تاکہ وہ خود اور ان کے عزیز و اقارب وائرس کے خطرہ سے محفوظ رہیں۔