ضلع دیامر میں محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام موسم بہار شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا

244

دیامر ۔ 22 مارچ (اے پی پی):محکمہ جنگلات چلاس کے زیر اہتمام موسم بہار شجرکاری مہم 2024 کا آغاز کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب پبلک سکول چلاس میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیف کنزرویٹر فارسٹ اینڈ وائلڈ لائف گلگت بلتستان محمود غزنوی تھے ۔تقریب میں پرنسپل پبلک سکول چلاس ، ڈائریکٹر ایگریکلچر عبد الخبیر، ڈویژنل فارسٹ آفیسر چلاس عبدالحمید، اسسٹنٹ کمشنر چلاس صداقت علی ،معروف عالم دین مولانا مزمل شاہ سمیت کثیر تعداد میں لوگوں اور سکولوں کے طلباء نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف کنزرویٹر فارسٹ اینڈ وائلڈ لائف گلگت بلتستان محمود غزنوی نے کہا کہ موسم بہار شجرکاری مہم کے دوران گلگت بلتستان میں 80 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، دیامر اور استور میں 15 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں دیامر کے کچھ علاقوں میں جنگلات کی کٹائی کی گئی، اب بھی موقع ہے کہ ہم دوبارہ جنگلات اُگا کر اس کی تلافی کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام محکمہ جنگلات سے مفت پودے لے جائیں اور ان کی دیکھ بھال کر کے ان کو بڑا کریں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی ایف او چلاس عبدالحمید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں رواں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز دیامر سے کر رہے ہیں،اس سال چلاس کے لئے 4 لاکھ سے زائد پودوں کی تنصیب کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور انشاءاللہ ہم اس ہدف کو کامیابی کے ساتھ حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہر گھر سالانہ 10 پودے لگائے تو چند سالوں میں پورا دیامر دوبارہ سے سرسبز و شاداب ہو سکتا ہے ۔ تقریب کے آخر میں پبلک سکول چلاس کے احاطے میں پودے لگا کر موسم بہار شجرکاری مہم 2024 کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ۔