
راولپنڈی۔2اکتوبر (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے کہا ہے کہ سی ٹی پی نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر24 گھنٹوں کے دوران 2652 افراد کو چالان ٹکٹس جاری کر کے لاکھوں روپے جرمانہ وصول کیا، ضلع راولپنڈی و ملحقہ تحصیلوں میں حادثات کی روک تھام اور ٹریفک روانی کو بہتر بنانے کے لئے خصوصی سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کاروائی کی جاسکے۔
اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ہے کہ ضلع راولپنڈی و ملحقہ تحصیلوں میں حادثات کی روک تھام اور ٹریفک روانی کو بہتر بنانے کے لئے خصوصی سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کاروائی کی جاسکے۔
بینش فاطمہ نےکہا کہ سی ٹی پی نے راولپنڈی میں ایک روز میں 2652افراد کو خلاف ورزیوں پر چالان ٹکٹس جاری کئے جن میں 178غلط پارکنگ،91 ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی،78 یکطرفہ ٹریفک ،199لین اور لائن کی خلاف ورزی،476بغیر لائسنس اور 33دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو چالان کئے گئے ۔سی ٹی او نے بتایا کہ کریک ڈاؤن کے دوران 43 کم عمر ڈرائیور ،72بغیر فٹنس سرٹیفکیٹس ،96 بغیر پرمٹ اور 433بغیر ہیلمٹ سفر کرنے والے افراد کو چالان کئے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز 1960شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء بھی کیا گیا تاہم ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لئے روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔