راولپنڈی۔27جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا ہے کہ ضلع راولپنڈی میں محرم الحرام کی آمد سے قبل تمام تر انتظامات مکمل کیے جائیں،جلوسوں کے روٹس کا پیچ ورک، نالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے،میونسپل کارپوریشن،آئیسکو اور پی ٹی سی ایل کی مشترکہ ٹیم تشکیل دی جائے جو کہ جلوسوں کی روٹس پر برقی آلات، کیبل اور پی ٹی سی ایل کی تاروں کی حالت کی بہتری کیلئے کام کرے گی۔
جمعرات کو ایک اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موجودہ مون سون کے دوران زیادہ بارشیں ہونے کی پیشنگوئی کی گئی ہے، اس حوالے سے واسا مکمل طور چوکس رہے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جنرل حسان طارق، ڈی ایس پی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز، ڈی او سول ڈیفنس، چکلالہ و کینٹ بورڈز کے نمائندوں افسران کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کے داخلی راستوں پر پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے حوالے سے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بینرز اور پینافلکس کو فوری طور پر ہٹایا جائے، ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران تمام الائیڈ ڈیپارٹمنٹ کی چھٹیاں منسوخ ہوں گی۔ ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ تمام جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لیے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں، مرکزی کنٹرول روم میں تمام محکموں کے فوکل پرسنز کی حاضری یقینی بنائی جائے، اس حوالے سے ڈیوٹی روسٹر تیار کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رابطے کے لیے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر مری کی زیر صدارت جناح ہائوس مری میں محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اراکین امن کمیٹی سمیت مرکزی انجمن تاجران مری، ہوٹل ایسوسی ایشن اور متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جلوسوں کی سکیورٹی، امن و امان کی صورتحال اور اتحاد و بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کے حوالے سے غور کیا گیا۔
اجلاس میں اراکین امن کمیٹی، مرکزی انجمن تاجران مری اور ہوٹل ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے انتظامیہ کی مکمل حمایت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ محرم الحرام میں سکیورٹی اور امن و امان کی صورت حال کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔