راولپنڈی۔17اکتوبر (اے پی پی):ضلع راولپنڈی میں رواں سال اب تک ڈینگی وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 117نئے افراد میں وائرس کی تصدیق کے بعد رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار185 ہوگئی ہے۔ فوکل پرسن ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق نئے کیسز میں پوٹھوہار ٹاون پری اربن ایریا سے 60، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی سے 16، راولپنڈی کنٹونمنٹ سے 19, چکلالہ کنٹونمنٹ 9, کہوٹہ 4, مری 3، ٹیکسلا کنٹونمنٹ 3 جبکہ ٹیکسلا رورل، کوٹلی ستیاں ، پوٹھوہار رورل سے ایک ایک مریض سامنے آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت 219 مریض شہر کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں 72 مریض بے نظیر بھٹو ہسپتال ،39 ہولی فیملی ہسپتال، 43 راولپنڈی ٹیچنگ ہسپتال, 32 فوجی فاؤنڈیشن ہاسپٹل جبکہ 33 مریض شہر کے مختلف پرائیویٹ ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر ضلع بھر میں یکم جنوری سے اب تک 4425 ایف آئی آرز، 2938 کوچالان، 1697 عما رتیں سر بمہر جبکہ 19530000روپے جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔