پشاور۔13ستمبر (اے پی پی):ضلع سوات میں کبل کے علاقہ برہ بانڈئی میں امن کمیٹی کے رکن کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ادریس خان سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ڈی پی او زاہد مروت نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ امن کمیٹی کے رکن ادریس خان سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔بم دھماکے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچی اور جاں بحق افراد کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بم دھماکے سے زخمی ہونے والوں کو علاج معالجے کے لیے سیدو شریف اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں نے جائے وقوع سے ثبوت و شواہد بھی اکھٹے کیے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمودخان نے ضلع سوات دھماکہ پرایکشن لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی، وزیر اعلیٰ نے غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ واقعے میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے شہید ہونے والوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔