سیالکوٹ۔ 31 مارچ (اے پی پی):سیالکوٹ میں عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام اور روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ ضلع سیالکوٹ میں عید کی نماز کے اجتماعات سیالکوٹ، اگوکی، سمبڑیال، ڈسکہ،پسرور، بڈیانہ، چونڈہ ،جھائی ،گل بہار،بوتھ،بڑتھ، کوبے چک، ہیڈمرالہ، ستراہ، کینٹ اور مضافات کے علاقوں میں منعقد ہوئے، جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے عید الفطر کی نماز ادا کی۔
مقامی علماء کرام نے عید الفطر کے فلسفے کو اجاگر کیا اور عہد کیا کہ وہ اسلام کے وقار کے لئے مخلص و مشترکہ کوششیں کریں گے۔ انہوں نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ اسلام مخالف بین الاقوامی سازشوں کی لعنت کو روکنے کے لئے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے پاکستان کی سالمیت، امن، خوشحالی اور ترقی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے بھی دعائیں کیں۔
ضلع سیالکوٹ میں تقریباً 2000 سے زائد مقامات پر عید کے اجتماعات ہوئے جنہیں اے، بی اور سی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ڈی سی آفس سیالکوٹ میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر قائم کیا گیا، جہاں افسران اور متعلقہ عملہ 24 گھنٹے، ہفتے کے 7 دن تین شفٹوں میں موجود رہے گا۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کا عملہ بھی ہائی الرٹ رہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577513