ضلع سیالکوٹ میں 5 روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز 28 اکتوبر سے ہو گا

73

سیالکوٹ۔26اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ 28 اکتوبر سے شروع ہونے والی 5 روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع سیالکوٹ میں پانچ سال سے کم عمر کل 7لاکھ 95ہزار 877 بچوں کو حفاظتی قطرے اور وٹامن اے کے کیپسول پلائے جائیں گے، اس مقصد کے حصول کیلئے کل 6 ہزار 288 پولیو ورکرز اور سٹاف فرائض انجام دیں گے۔

یہ بات انہوں نے آج بنیادی مرکز صحت مراد پور میں قومی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم چودھری، ڈی ایچ او ڈاکٹر وسیم مراد ، ڈاکٹر احمد ناصر ، ڈاکٹر سلمان اکبر، ڈاکٹر عدنان ، ڈاکٹر شہزاد اقبال اور ایم او ڈاکٹر سدرہ گیلانی بھی اس موقع پر یہاں موجود تھیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے 2 ہزار 6 سو 76 موبائل ٹیمیں گھروں، سکولوں اور مدارس میں جاکر ، 133 فکسڈ ٹیمیں دیہی و بنیادی مراکز صحت، ڈسپنسریوں، ای پی آئی مراکز اور ہسپتالوں میں جبکہ 69 رومنگ/ٹرانزٹ ٹیمیں لاری اڈوں، بس اسٹاپس ، اہم چوکوں اور بازاروں میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا قومی فریضہ انجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مہم کی نگرانی کیلئے 129 یوسی مانیٹرنگ آفیسر اور 536 ایریا انچارج ڈیوٹی انجام دیں گے ، چاروں تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی ڈی ایچ اوز ملکر مہم کو سپروائز کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا کہ اس مہم کے دوران ضلع سیالکوٹ میں کچی آبادیوں، خانہ بدوش ، جھونپڑ یوں اور مائیگرنٹ موبائل پاپولیشن کو بھی کور کیا جائے گا۔