مظفرگڑھ۔ 15 جولائی (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب نے ضلع مظفرگڑھ سمیت صوبے کے 21 اضلاع کے حساس علاقوں میں میں 7 اور 10 محرم کے دوران موبائل فون سروس معطل رکھنے کے لئے احکامات جاری کر دیئے ۔ذرائع کے مطابق مظفرگڑھ سمیت صوبے کے 21 اضلاع میں 7 اور 10 محرم کے دوران موبائل فون سروس کی بندش رہنے کا امکان ہے ،
جن اضلاع کے کئی علاقوں میں موبائل سروس مکمل طور پر بند رہے گی ان میں بہاولنگر اور بہاولپور میں 7 اور 10 محرم الحرام، رحیم یار خان 9 اور 10 محرم الحرام، مظفرگڑھ، ڈی جی خان ، وزیر آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،لیہ راجن پور میں 10 محرم الحرام، ننکانہ، نارووال، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور منڈی بہائوالدین، گجرات اور میانوالی میں 9 اور 10 محرم الحرام، جھنگ، بہاولنگر، فیصل آباد اور راولپنڈی میں 7 اور 10 کے علاوہ بھکر میں 8 سے 10 محرم الحرام کے دوران موبائل فون بندش شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے جن 17 اضلاع میں موبائل فون سروس بند نہیں ہو گی ان میں لاہور، قصور ، شیخو پورہ، سیالکوٹ، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، خوشاب ، چنیوٹ، ملتان، خانیوال، وہاڑی، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن اور لودھراں شامل ہیں۔محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے جن مذکورہ اضلاع میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کا کہا گیا ہے ان کے حساس اور مخصوص علاقوں کی فریکوئنسی بھی بھجوائی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے کے 21 اضلاع میں 7 اور 10 محرم کے دوران موبائل فون سروس کی بندش کے لئے وفاقی سیکرٹری داخلہ اور زونل ڈائریکٹر پی ٹی اے کو خط ارسال کردیا ہے۔