ضلع مظفرگڑھ میں امن و امان کی صورت حال کو یقینی بنانے کےلئے مظفرگڑھ شہر میں فلیک مارچ

5

مظفرگڑھ۔ 29 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدائت پرضلع میں امن و امان کی صورت حال کو یقینی بنانے کےلئے مظفرگڑھ شہر میں فلیک مارچ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر قراۃالعین میمن اور ڈسٹرکٹ پولیس افیسر ڈاکٹر محمد رضوان کی قیادت میں فلیگ مارچ کیا گیا۔ فلیگ مارچ میں پولیس، رینجرز، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کے دستے شامل تھے۔ فلیگ مارچ ڈی سی آفس سے شروع کیا گیا جو شہر کے مختلف اور حساس علاقوں سے ہوتا ہوا ڈی سی آفس پہنچ کر اختتام پزیر ہوا ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراۃ العین میمن نے کہا کہ ضلع میں پائیدار قیام امن کےلئے تمام تر ممکن اقدامات کئے جائیں گے،کسی شر پسند کو امن کی راہ میں رخنہ نہیں ڈالنے دیا جائے گا، کسی بھی صورتحال سے نمنٹنے کےلئے تمام ادارسے الرٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں مستقل قیام امن کےلئے نہ صرف تمام ادارے بلکہ تمام مکاتب فکر کے جید علماء انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہیں۔ ضلع میں منعقد ہونے والے تمام مجالس اور نکالے جانے والے تمام جلوسوں کو مسلسل مانیٹر کیا جائے گا۔

راستوں کو کشادہ او رصاف ستھرا بنایا گیا ہے اور رات کے وقت روشنی کا انتظام کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامی افسران مسلسل فیلڈ میں متحرک ہیں اور مسائل کو فوری حل کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر محمد رضوان نے کہا کہ ضلع بھر میں سیکیورٹی کو فول پروف بنایا گیا ہے ، سیف سٹی کے تحت تمام مجالس اور جلوسوں کو سی سی ٹی وی کے ذریعے مانیٹر کیا جارہا ہے، پولیس کے چاک و چوبند اہلکار ہر مجلس اور جلوس کی سیکیورٹی کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔