ملتان ۔ 30 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ملتان میں حفاظتی ٹیکوں کی خصوصی مہم کامیابی سے جاری ہے ،ایک ماہ جاری رہنے والی اس سلسلے میں 14 روزہ مہم کے دوران کمسن بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچائو کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محکمہ صحت دفتر کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع ڈپٹی کمشنر نے حفاظتی ٹیکوں کی مہم پر بریفنگ لی۔
محکمہ صحت کے حکام نے پولیو اور خسرہ سمیت مختلف مہمات پر بریفنگ دی ۔وسیم حامد سندھو نے محکمہ صحت کو حفاظتی ٹیکوں کی مہم کا دائرہ وسیع کرنے کا حکم بھی دیا اور کہا کہ صحت کی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ فیلڈ ٹیموں کو شدید گرمی میں کولڈ چین برقرار رکھنے کیلئے تربیت دی جائےتاکہ ویکسین کی افادیت کو برقرار رکھا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جائے گا۔