ضلع میں اوگرا کے لائسنس کے بغیر چلنے والے پیٹرول پمپوں اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں،ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد

63

نوابشاہ۔ 30 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کے فیصلوں پر عملدرآمد کروانے کے سلسلے میں قائم کی گئی ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا ایک اجلاس آج ڈی سی آفیس کے دربار ہال میں منعقد ہوا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شہریار گل میمن نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کراتے ہوئے ضلع میں اوگرا کے لائسنس کے بغیر چلنے والے پیٹرول پمپوں اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں

اور غیر قانونی پیٹرول پمپوں کو بند کیا جائے کارروائیوں کی رپورٹ ڈی سی آفیس کو ارسال کی جائے تاکہ وہ رپورٹ صوبائی ایپکس کمیٹی کو ارسال کی جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مہران ہائی وے پر بھاری ٹریفک کی آمد رفت کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں جبکہ ضلع میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔ اس کے علاوہ مختلف چوراہوں پر موجود بھیک مانگنے والے گداگروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔