ضلع ننکانہ صاحب میں اقلیتی برادری کو مینارٹی کارڈز کی تقسیم کے لیے پُروقار تقریب کا انعقاد

76

لاہور۔26فروری (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر بدھ کے روز ضلع ننکانہ صاحب میں اقلیتی برادری کو مینارٹی کارڈز کی تقسیم کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی شرکت کی جبکہ ممبر صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر خان، ضلعی افسران، علمائے کرام،سکھ، ہندو اور مسیحی برادری کے افراد کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا وژن اقلیتی برادری کے حقوق کا مکمل تحفظ ہے، اس پروگرام کے تحت ننکانہ صاحب کے 2650اقلیتی خاندانوں کو مینارٹی کارڈز فراہم کیے جا رہے ہیں جس سے مستحق گھرانوں کو ہر تین ماہ بعد 10ہزار 5سو روپے مل رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مینارٹی کارڈز اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ میں ایک مضبوط قدم ثابت ہوں گے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف ہمیشہ یہ کہتی ہیں کہ اقلیتیں میرے سر کا تاج ہیں اور ان کے اقدامات سے اقلیتی برادری میں احساس محرومی کا خاتمہ ہو رہا ہے۔

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )ہمیشہ اپنے وعدوں پر قائم رہی ہے اور اقلیتی برادری کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے اس موقع پر بتایا کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں مینارٹی کارڈز کی تقسیم کے لیے خصوصی کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں،پی ایس ای آر کے تحت مستحق خاندانوں کی رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو بھرپور سراہا ۔