راولپنڈی۔5مئی (اے پی پی):ضلع ژوب کے مانزکئی سیکٹر میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے حملے میں ایف سی کے 4 جوان شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں پاک افغان سرحد پر افغانستان سے دہشت گردوں نے باڑ لگانے والی ایف سی کی ٹیم پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایف سی کے 4 جوان شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔دہشت گردوں کی فائرنگ سے حوالدار نورزمان،سپاہی شکیل عباسی،سپاہی احسان اللہ اور نائیک سلطان شہید ہوگئے جبکہ فائرنگ سے 6 جوان زخمی بھی ہوئے، جنہیں سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔