بھکر۔ 07 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کے ضلع کے سرکاری سکولوں کو سولرائزیشن پر منتقلی کے اقدامات تیز رفتاری کیساتھ جاری ہیں ، اس ضمن میں گورنمنٹ ہائی سکول سی ٹی ٹی ایم بھکر کو سولر انرجی سسٹم پر منتقلی کے حوالہ سے خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے سولر سسٹم کو فنکشنل کرکے باقاعدہ طور پر افتتاح کیا۔اس موقع پرسی ای او ایجوکیشن شبیر احمد،ڈی ای او سکینڈری محمد منیر،ڈی ای او ایلیمنٹری اختر سندیلہ سکول کے سینئر ہیڈ ماسٹر نوید حسین سمیت دیگر اساتذہ کرام اور طلبہ بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نےسکولوں کو سولرائزیشن سسٹم پر منتقلی کے اقدام کی کامیابی کو شعبۂ تعلیم کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع کے ایجوکیشن سیکٹر میں شمسی توانائی کے فروغ سمیت دیگر انتظامی شعبہ جات میں نمایاں بہتری کیلئے فوری نوعیت کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ضلع کے سرکاری سکولوں میں بلند معیار تعلیم کیلئے جامع پلان مرتب کر رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں نجی سکولوں کی کارکردگی اور دیگر انتظامی امور کے جائزہ کیلئے بھی سی ای او ایجوکیشن کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے شجر کاری مہم کے تحت سکول کے احاطہ میں پودا لگایا ۔اس موقع پر ایجوکیشن افسران سمیت سکول انتظامیہ نے بھی شجر کاری مہم میں بھرپور انداز میں حصہ لیا اور پودے لگائے ۔