بھکر۔ 03 ستمبر (اے پی پی):ضلع کے شعبہ صحت میں عمدہ کارکردگی پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن خان اور انکی ٹیم ممبران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ضیاء عظیم ،ڈپٹی ڈی ایچ او دریا خان ڈاکٹر الیاس اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے ڈی سی آفس میں تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ ضلع کے شعبہ صحت میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام الناس کو ہسپتالوں اور مراکز صحت پر طبی سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا بہترین کارکردگی کے تسلسل کو یونہی برقرار رکھا جائے اور ہسپتالوں اور مراکز صحت پر آنیوالے مریضوں کو بھرپور ریلیف فراہم کرنے میں پہلے سے زیادہ محنت و لگن سے کام جاری رکھیں اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام الناس کی خدمت کو اولین ترجیح دیں۔انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں نمایاں کارکردگی کے حامل افراد کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ وہ اپنے فرائض جانفشانی کیساتھ ادا کرتے رہیں۔