گلگت۔26مئی (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گلگت کی ہدایت پر محکمہ صحت گلگت نے عوامی صحت کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جدید تربیت یافتہ ریپڈ ریسپانس ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ اس ٹیم کا بنیادی مقصد ضلع بھر میں کسی بھی ممکنہ ہنگامی طبی صورتحال یا وبائی بیماری کے دوران بروقت اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ترجمان محکمہ صحت کے مطابق ریپڈ ریسپانس ٹیم ایسے ماہر اور تربیت یافتہ اہلکاروں پر مشتمل ہے
جو ہنگامی حالات میں فوری ردعمل کی صلاحیت رکھتے ہیں اور عوام کو فوری طبی معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔ ٹیم کی تشکیل جدید طبی اصولوں کے مطابق کی گئی ہے تاکہ ضلع گلگت میں صحت عامہ کے نظام کو مزید مستحکم اور فعال بنایا جا سکے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گلگت نے اس اقدام کو عوامی صحت کے تحفظ کی جانب ایک اہم اور بروقت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹیم کسی بھی ناگہانی طبی بحران سے مؤثر انداز میں نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی یا وبائی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ مشترکہ کوششوں سے صحت عامہ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔