راولپنڈی۔1فروری (اے پی پی):قلات میں دہشت گردی کی گھناؤنی کارروائی کے پس منظر میں پاک فوج نے ضلع ہرنائی میں ایک آپریشن کے دوران 11دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا اور دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ضلع قلات میں دہشت گردی کی گھناؤنی کارروائی کے پس منظر میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے صوبے بھر میں متعدد سینٹائزیشن آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔
یکم فروری 2025 کو ضلع ہرنائی میں کیے گئے ایک آپریشن میں پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 11دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا اور دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق قبل ازیں 31 جنوری اور یکم فروری کی درمیانی رات کو ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں کی جانب سے روڈ بلاک کرنے کی کوشش کو کامیابی سے ناکام بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 23 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ دہشگردی کے خاتمہ کی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان اور پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کا صفایا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔