فیصل آباد ۔15اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 فیصل آباد میں آج اتوار کو منعقد ہونیوالے ضمنی الیکشن میں ووٹ دالنے کیلئے پولنگ سٹیشنوں پر آنیوالی حاملہ خواتین، خواجہ سرا، معذور افراد اور بزرگوں کے ووٹ ترجیحی بنیادوں پر کاسٹ کروانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ان کیلئے مناسب سیٹنگ ارینجمنٹ رکھنے کا بھی حکم دیا گیا ہے تاکہ وہ پرسکون انداز میں جلد اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں۔
الیکشن کمیشن فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلہ میں تمام پریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور پولنگ افسران کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حساس پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں تاکہ کسی بدامنی کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ پولنگ سٹیشنز اور انتخابی عملہ و ووٹرز کی سکیورٹی کیلئے پولیس، رینجرز اور پاکستان آرمی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ ووٹرز کی سہولت کیلئے 8300 مسیج سروس پرووٹ کی تفصیلات اور پولنگ اسٹیشن اپ ڈیٹ کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امیدوار، عوام الناس،سیاسی جماعتیں اور دیگر اسٹیک ہولڈر شکایات کی صورت میں الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسرو ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول رومزمیں رابطہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے ووٹرزسے اپیل کی کہ وہ بلا خوف و خطر ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشنز پر آئیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اورپولنگ کے دوران ہنگامہ آرائی و مداخلت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔