لاہور۔14جولائی (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن نے ہماری سیاسی سمت کا تعین کرنا ہے،اتحادی جماعتیں ملکی مفاد اور ملک کو بڑے نقصان سے بچانے کیلئے اکٹھی ہوئی ہیں،گزشتہ چار برس اقربا پروری،مہنگائی اور نئے بیانیے کا دور تھا،اتحادی جماعتیں عدم اعتماد نہ لاتیں تو خدا نخواستہ کوئی المیہ ہو سکتا تھا۔وہ جمعرات کے روز یہاں وسطی پنجاب سیکرٹریٹ میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے رہنماوں خواجہ عمران نذیر،اسلم گل،شہزاد سعید چیمہ،نذید چوہان اور رمضان بھٹی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
حسن مرتضی نے کہا کہ اتحادی جماعتیں ملکی مفاد اور ملک کو بڑے نقصان سے بچانے کیلئے اکٹھی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چار سال تک ملک کو انارکی ، مہنگائی کی چکی میں پیسا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی اور ن لیگ بروقت فیصلہ نہ کرتی اورعدم اعتماد نہ لایاجاتاتو ملک کے ساتھ بڑاالمیہ ہو سکتاتھا۔ان کا کہنا تھا کہ نذیر چوہان جیسے لوگوں نے حب الوطنی و سیاسی ویژن کے مطابق فیصلہ کیا، ہم ہر صورت ن لیگ کے امیدواروں کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کی بھرپور حمایت کریں گے انہیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے،عمران الیکشن ہار چکے ہیں،دو تہائی سے زیادہ اکثریت سے جیتیں گے۔
رکن پنجاب اسمبلی اور ن لیگ لاہور کے قائم مقام صدرخواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں حمایت پرآصف زرداری،بلاول بھٹو ،پنجاب اور لاہور تنظیم کے عہدیداروں کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نالائقوں کے ٹولے پر سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے نے مہر ثبت کر دی ہے،پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا ٹریک ریکارڈ خدمت کا اور پی ٹی آئی کا گالم گلوچ کا ہے،ہم عوام کی طاقت سے ا ن سے سیٹیں چھینیں گے ۔
عمران نذیر نے مزید کہا کہ عمران روتا رہیگا،ہم 17جولائی کوفتح کا جشن منائیں گے۔خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ ہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2018کا مینڈیٹ عوام نے واپس لے لیا ہے کیونکہ ہم نے سیاست کے بجائے ریاست بچانے کا بیانیہ اپنایا ہے،ملک کو مشکلات کے بھنور سے نکالیں گے، عوام آئندہ نالائقی،نفرت و تباہی کے بیانیہ کو مسترد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہ کرنےوالے پاکستان کو سر لنکا بنانا چاہتے تھے، یہ بات طے شدہ ہے کہ پی ٹی آئی کی سیٹیں ضمنی الیکشن میں کم ہونگی،سیاست کی بجائے ریاست بچانے کے بیانیے کو آگے لیکر چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آ ئی کا بیا نیہ مقبول ہے تو پیروں سے پسینے کیوں نکل ر ہے ہیں۔پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے کہا کہ پیپلز پارٹی ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے امیدواروں کو کامیاب کروائے گی،ہم لاہور کے چاروں حلقوں میں بھر پور مہم چلا رہے ہیں،دراصل ہم ملک،آئین اور قانون بچانے کیلئے نکلے ہیں،ملک بچے گا تو حکومت،آئین اور سب کچھ ہو گا۔پی پی 167سے اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار نذیر چوہان نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پہلے پاکستان کھپے کانعرہ لگایا اب بھی جو اتحاد ملک بچانے کیلئے زرداری نے کیا اس کا کریڈٹ ان کو ہی جاتاہے۔
نذیر چوہان نے مزید کہا کہ ہم نے پاکستان بچانے والی جماعت کا ساتھ دیا،پی ٹی آئی ہمارے حلقے سے ختم ہو چکی ہے، ان شااللہ کلین سویپ کریں گے،پی پی 167سے سترہ جولائی کو فتح شیر کی ہوگی جسے مل کر منائیں گے اور ملک کو نئی ڈگر پر ڈالیں گے۔پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں نے ایک بار پھر پاکستان کھپے کا نعرہ سچ ثابت کر دکھایا۔نذیر چوہان نے مزید کہا کہ عمران آنے والی نسلوں کے لیے نفرت کے بیج بو کر گیا ہے۔اس موقع پر عاطف رفیق چودھری،توصیف شاہ،میاں ایوب و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔