ضم شدہ قبائلی اضلاع سمی خیبر پختونخوا میں یوم تشکر کی تقریبات، مسلح افواج کی تاریخی فتح پر خراج تحسین

112

پشاور۔ 16 مئی (اے پی پی):ضم شدہ قبائلی اضلاع سمیت خیبر پختونخوا میں بہادر پاک مسلح افواج کے اعزاز میں یوم تشکر کی تقریبات منعقد کی گئیں جن میں آپریشن بنیان مرصوص کے دوران قوم کی تاریخی فوجی فتح کی یاد منائی گئی۔ دن کا آغاز صوبائی دارالحکومت پشاور میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جس نے صوبہ بھر میں پروقار اور حب الوطنی پر مبنی تقریبات کےلیے فضا تیار کی۔

مرکزی تقریب کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم پشاور میں منعقد ہوئی جہاں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔فوجی افسران، مقامی معززین اور شہری پاکستان کے محافظوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلیے کرنل شیر اسٹیڈیم میں جمع ہوئے۔اسٹیڈیم میں زوردار نعرے ’’اللہ اکبر‘‘، ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ گونجتے رہے جس سے قومی فخر اور اتحاد کے جذبات کو تقویت ملی۔

توپوں کی سلامی مسلح افواج کے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کےلیے غیر متزلزل عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی علامت تھی۔ آپریشن بنیان مرصوص جسے اب ملک کی جدید فوجی تاریخ کا ایک اہم باب قرار دیا جاتا ہے، پر یوم تشكر ڈی آئی خان، لکی مروت، بنوں، وزیرستان، کرک، ہنگو، اورکزئی، کرم، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، باجوڑ، خیبر، مہمند، مالاکنڈ، دیر، چترال، شانگلہ، سوات، صوابی، ہری پور، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں منایا گیا۔

کوہاٹ میں ڈپٹی کمشنر عبد الاکرم چترالی کی ہدایت پر درہ آدم خیل میں مدرسہ تحفیظ القرآن شیرکی میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔قرآن خوانی اور اجتماعی دعاؤں پر مشتمل اس تقریب میں مذہبی اسکالرز، طلباء، بزرگوں اور عوام نے شرکت کی،سب نے قومی اتحاد پر شکر ادا کیا اور خوشحالی کےلیے دعا کی، پی اے ایف کے ان پائلٹوں کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور 10 مئی کے جوابی حملے میں ان کے اڈوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔

یکجہتی کے اظہار کے طور پر خیبرپختونخوا محکمہ جنگلات نے مالاکنڈ ریجن-III میں چیف کنزرویٹر کے دفتر میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی۔ خیبر پختونخوا فاریسٹ اور وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹس کے سینئر افسران کی شرکت میں ہونے والی اس شاندار تقریب میں شہداء کےلیے دعائیں کی گئیں۔سوات کے شگئی سیدو شریف میں ایک ریلی شامل نکالی گئی جس سے محکمہ کی حب الوطنی کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔

ضلع لوئر دیر میں بھی ریسکیو 1122 ڈسٹرکٹ آفس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ثناء اللہ کی قیادت میں افواجِ پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا. تقریب کا آغاز شہداء کے لیے ایک منٹ کی خاموشی سے ہوا جس کے بعد پرچم کشائی ہوئی اور مسلح افواج کے حق میں پرجوش نعرے لگائے گئے۔ عملے کے ارکان نے قوم کی خدمت اسی بہادری کے ساتھ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جس کا مظاہرہ فوج نے کیا۔

اس موقع پر ملی نغمے پیش کئے گئے جنہوں نے سامعین کو مسحور کیا۔خیبر پختونخوا کے سات ضم شدہ قبائلی اضلاع میں یوم تشکر کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوئیں جس میں معرکہء حق کے دوران مسلح افواج کی بہادری کو تسلیم کیا گیا۔ خیبر میں ڈی پی او رائے مظہر اقبال نے پولیس لائنز میں ایک خصوصی تقریب کی قیادت کی جس میں قرآن خوانی کی گئی، شہداء کی یادگاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے پاکستانی عوام کے اتحاد اور عزم اور حالیہ بلااشتعال بھارتی جارحیت کے مقابلے میں قوم کے محافظوں کی غیر متزلزل ہمت کو سراہا۔

دریں اثنا ڈی ایچ اے پشاور میں مین گیٹ سے پاکستان چوک تک یکجہتی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء نے فخر سے قومی پرچم لہرائے اور حب الوطنی کے نعرے لگائے. ڈی ایچ اے ایڈمنسٹریٹر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور امن و استحکام کو یقینی بنانے میں فوج کے کردار کے لیے بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔

صوبہ بھر میں یوم تشکر کی تقریبات نے نہ صرف مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا بلکہ قومی فخر اور استقامت کے پرچم تلے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو متحد کرنے کا بھی کام کیا۔ نوشہرہ میں بھی یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا جہاں لوگ شوبرا چوک پر قومی پرچم اٹھائے جمع ہوئے۔ انہوں نے پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور پاک فوج کی قیادت کو سراہا۔