ریاض۔19فروری (اے پی پی):سعودی عرب کی روڈ جنرل اتھارٹی نےمرمت کا کام مکمل ہونے پر طائف، الہدی روڈ 20 فروری سے دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق سعودی روڈ جنرل اتھارٹی نے رواں سال یکم جنوری مرمت کے کام کےلیے شاہراہ کو دو ماہ کے لیے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے طائف جانے والوں کو ’السیل الکبیر‘ کا متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔ مرمت کا کام 2 ماہ سے بھی کم عرصے میں مکمل ہوا ہے، اس کا مقصد شاہراہ کے معیار اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
روڈ جنرل اتھارٹی کا یہ اقدام انفراسٹرکچر کو فروغ دینے اور سیفٹی سٹینڈرڈز کے معیار کو بڑھانے کی کوششوں کے فریم ورک کے اندر آتا ہے۔ روڈ اتھارٹی اور طائف کمشنری کے اشتراک سے طائف، الھدی شاہراہ کو مزید بہتر بنایا گیا ہے تاکہ لوگوں کو سفر میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ خیال رہے کہ موسم برسات میں الھدی شاہراہ کو عارضی طورپر بند کردیا جاتا ہے جب بارش کے دوران پہاڑ سے پتھر روڈ پر گر جاتے ہیں جنہیں ہٹانے اور راستے کو صاف کرنے کےلیے شاہراہ کو بند کیا جاتا ہے۔