
اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور یوگنڈا کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنیکی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے یوگنڈا کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور اوکیلو ہنری اور یم سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یوگنڈا کے وزیر مملکت نے معاون خصوصی سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماوں نے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔طارق فاطمی نے اپنے ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔ یوگنڈا کے وزیر مملکت اور معاون خصوصی نے زراعت اور تعلیم کے شعبوں میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنیکی ضرورت ہے۔ طارق فاطمی نے معزز مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ترجمان کے مطابق یوگنڈا کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور اپنے ملک کی 54یوم آزادی کے حوالے سے تقریب میں شرکت کی غرض سے اس وقت پاکستان کے دورے پر ہیں۔یوم آزادی کے حوالے سے تقریب 9اکتوبر کو لاہور میں ہو رہی ہے۔