کابل ۔6ستمبر (اے پی پی):افغان طالبان نے وادی پنجشیر پر مکمل قبضہ کر لیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طالبا ن کے چیف ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پیر کی صبح جاری اپنے بیان میں کہا کہ مزاحمت کے آخری ٹھکانے وادی پنجشیر پر طالبان کا مکمل قبضہ ہو گیا ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ اس فتح کےساتھ ہی ہمارا ملک جنگ کی دلدل سے مکمل طور پر باہر نکل آیا ہے۔نیشنل مزاحمت فورس کو شکست ہوگئی ہے اور مزاحمتی لیڈرشپ بھاگ گئی ہے۔اسلامی امارت نے پورے افغانستان پر کنٹرول حاصل کر لیا۔طالبان نے پنجشیر کی مظلوم عوام کو شرپسندوں سے پاک کردیا۔اسلامی امارت پنجشیر کے لوگوں کو باور کراتی ہے کہ ان کے ساتھ کوئی تفریق روا نہیں رکھی جائے گی۔پنجشیر کے لوگ ہمارے بھائی اورہم وطن ہیں۔ہم ایک ملک اور مشترک مقصد کیلئےکام کریں گے۔
پنجشیر میں “باغیوں” کی سرکوبی کردی گئی ہے۔ متعدد اہم جنگجوو انجام کو پہنچے اور کچھ فرار بھی ہوئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے ۔پنجشیر صوبہ میں “اسلامی امارات” قائم ہوگی اور امن بحال ہو گا۔عام شہریوں کے لئے معافی ہے ،اب مل کر پنچ شیر کی خدمت کریں گے ، ہمارا ملک اور عوام اب ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے جس میں افغان عوام سکون سے زندگی گزار سکیں گے۔ طالبان راہنما ملا عبدالغنی برادر نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پنجشیر کی فتح کے ساتھ اس وقت پورا افغانسان مجاہدین کے کنٹرول میں آگیا ہے۔
الحمدللہ۔دریں اثنا فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق احمد مسعود کی قیادت میں طالبان مخالف نیشنل ریزسٹنس فرنٹ نے طالبان کے ساتھ لڑائی بھی بھاری نقصانات کا اعتراف کرنے ہوئے جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔ نیشنل ریزسٹنس فرنٹ کی طر ف سے جاری بیان میں طالبان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی جنگی کارروائیاں روک دیں اور اپنی فورسز کو واپس بلائیں جبکہ ہم اس کے جواب میں اپنی فورسز کو طالبان پر حملے روکنے کا حکم دیں گے۔
نیشنل ریزسٹنس فرنٹ کی طرف سے قبل ازیں ٹویٹ میں تصدیق کی گئی تھی کہ ان کے ترجمان فہیم دشتی اور جنرل عبدالودود زارا مارے جا چکے ہیں۔افغانستان کے سابق نائب صدر امراللہ صالح بھی پنجشیر میں موجود ہیں۔افغان ذرائع ابلاغ کی طرف سے ٹویٹر پر جاری وڈیو کے مطابق پنجشیر کے گورنر ہائوس پر طالبان راہنما پرچم لہراتے ہوئے نظر آ رہےہیں۔جبکہ طالبان کی طر ف سے سوشل میڈیا پر احمد مسعود کے گھر کی وڈیو بھی جاری کی گئی ہے ۔