طلال چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

102

اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے تحریک انصاف نے اگر پرامن احتجاج کرنا ہے تو کوئی حرج نہیں لیکن اگر لاک ڈاﺅن کرنے کی کوشش کی گئی تو قانون ضرور حرکت میں آئے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری کا پی ٹی آئی کی حمایت میںآنا کوئی بڑی بات نہیں، طاہرالقادری کے اعلان سے ان لوگوں کا سارا پلان بے نقاب ہو گیا ہے لیکن ایک بات یاد رہے کہ اب ان سے 2014ءوالا سلوک نہیں کیا جائے گا اور کوئی بھی غیر قانونی کام ہرگز نہیں ہونے دیں گے، رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ عمران خان ہی ہیں جو فوج کی مداخلت کا تاثر دیتے ہیں ہم نے تو فوج کی مداخلت کا کبھی تاثر نہیں دیا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2014ءکے دھرنے کے دوران وزیراعظم ہاﺅس کا گیٹ اکھاڑنے جو گئے تھے وہی حکومت کے خلاف سازشیں کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستان مسلم لیگ ن کے منتخب لوگ ہیں جو وزیراعظم ہاﺅس میں میٹنگ کے دوران ملتے ہیں اور میڈیا سے متعلق اپنا لائحہ عمل مرتب کرتے ہیں،وزیراعظم محمد نواز شریف بھی اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے پاکستان اور اس کے اداروں کے وقار کا تحفظ کریں گے اور کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہو گی۔