کوئٹہ ۔15اکتوبر (اے پی پی):کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ طلباءوطالبات اپنی ساری توجہ تعلیم کے حصول پر دیں اور مستقبل کے چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لئے تیار رہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹمز میں سائبان پاکستان کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے طلباءسے کہا کہ پاکستان نے مختلف آزمائشوں کا مقابلہ کیا ہے ا ور اس قسم کی آزمائشوں میں گھبرانا نہیں چاہیئے ہمارے حوصلے بلند ہیں ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہمیں دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا شہر یار آفریدی نے کہا کہ دشمن نے ہماری سوچ پر حملہ کیا ہے اور ہم پر ففتھ جنریشن وار مسلط کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان طلباءوطالبات کو ملک کے مختلف یونیورسٹیوں اور بیرون ملک یونیورسٹیوں میں حصول علم کے مواقع فراہم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتا پاکستان نے ہر شعبہ میں اپنا لوہا منوایا ہے ہم نے ہاکی کرکٹ کے میدان میں پوری دنیا میں اپنا لوہا منوایا ہے جبکہ موسیقی کے شعبہ میں ہمارے گلوکاروں کا اپنا ایک نام ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں آپس میں بھائی چارہ اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اپنا کردار ادا کرناہوگا شہریار آفریدی نے مزید کہا کہ پیام پاکستان امن کا پیغام ہے اور اس پیغام کو گھر گھر تک پہنچانا ہے اور اس پیغام کو پھیلانے کے لئے طلباءوطالبات اہم کردار ادا کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ دشمن ہمارے ملک میں اندرونی خلفشار اور ہمیں آپس میں دست وگریبان کرنے کے درپے ہیں اور ہم سب کوخصوصاً طلباءوطالبات معاشرے میں امن ترقی اور تعلیم کے فروغ کے لئے پرجوش کردار ادا چاہئے۔ تقریب سے وائس چانسلر بیوٹمز انجینئر احمد فاروق بازئی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے پروفیسر معصوم یاسین زئی پرووائرس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر فیصل کاکڑ بی آر ایس پی کے سربراہ نادر گل بڑیچ نے بھی خطاب کیا اس موقع پر وائس چانسلر بیوٹمز انجینئر احمد فاروق بازئی نے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی کو شیلڈ پیش کی۔