فیصل آباد ۔ 22 مئی (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹراقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ طلباء میں جسمانی و ذہنی صحت کی حامل شخصیت کو پروان چڑھانے کیلئے کھیلوں کے میدان کو آباد کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور ہائیرایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے 34ویں آل پاکستان انٹرورسٹی ہینڈبال بوائیز چیمپئن شپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 11جامعات حصہ لے رہی ہیں جس میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، جی سی یونیورسٹی فیصل آباد، یونیورسٹی آف فیصل آباد، یونیورسٹی آف لاہور، پنجاب یونیورسٹی لاہور، سنٹرل پنجاب یونیورسٹی،خان عبدالولی خان یونیورسٹی مردان، ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز یونیورسٹی لاہور، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی، منہاج یونیورسٹی اور سپیریئر یونیورسٹی شامل ہیں۔ اس موقع پر چیئرپرسن سپورٹس بورڈ ڈاکٹر بشریٰ سعدیہ، ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر ہارون زمان، ٹریژرر عمرسعید قادری، ڈاکٹر خرم ضیاء، عاشق رسول، فاروق احمد،آل پاکستان ہینڈبال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد شفیق و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی طلباء میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ جامعہ کے کھیلوں کے میدان آباد ہیں۔ ڈاکٹر بشریٰ سعدیہ نے کہا کہ کھیلیں نہ صرف طلباء کی جسمانی صحت کو بہتر بناتی ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ سپورٹس مین سپرٹ کے تحت انہیں ملکی ترقی میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے کے بھی قابل بناتی ہیں۔
عمرسعید قادری نے کہا کہ جامعہ کے کھیلوں کے میدانوں سے کئی کھلاڑی تربیت حاصل کرنے کے بعد ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ہارون زمان نے کہا کہ تعلیم و تحقیق کے ساتھ ساتھ طلباء کی خداداد صلاحیتوں کو نکھارنے اور غیرنصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے وسیع تر مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر خرم ضیاء نے کہا کہ اس چیمپئن شپ کا مقصد نوجوان نسل کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا ہے۔