راولپنڈی۔ 04 دسمبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ کریسنٹ کمیٹی اجلاس میں تعلیمی اداروں کے سربراہان کو بلانے کا مقصد ان کے ذریعے طلباء و طالبات میں دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کے جذبے کو پروان چڑھانا ہے۔ اسکے علاوہ ریڈکریسنٹ کی جانب سے 12 دسمبر 2023 کو ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج میں ہیلتھ میلہ لگایا جائے گا۔
ہیلتھ میلے میں تمام پرائیویٹ و سرکاری سکول کے طلباء و طالبات کے لئے فری میڈیکل کیمپ لگایا جائے گا جہاں ان کی آنکھوں، کان، گلہ اور سکریننگ کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میلے میں ریڈ کریسنٹ کے حوالے سے آگاہی بینرز لگائے جائیں اور طلباء کو ان کے کام کے بارے میں آگاہی دی جائے تاکہ ان میں انسانی خدمت کا جذبہ پروان چڑھے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں برن یونٹ کی عدم موجودگی کی وجہ سے بہت مسئلے درپیش ہیں۔
مخصوص یونٹ نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو جنرل وارڈ میں رکھا جاتا ہے جو کہ وائرس اور انفیکشنز کا باعث بنتا ہے۔ اس اہم ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ریڈ کریسنٹ ہسپتال میں مخصوص 30 بستروں کا برن یونٹ بنانے کی تیاری کی جارہی ہے جسکے لئے تخمینہ لاگت تقریبا 88 کروڑ ہے۔ ریڈ کریسنٹ اپنی مدد آپ کے تحت کافی فنڈز جمع کر چکی ہے اور اس کارخیر میں طلباء کو بھی شامل کر نا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے سربراہان اپنے ادارے کے لوگوں اور خصوصا طلباء کے لئے رول ماڈل ہوتے ہیں۔ طلباء کی شخصیت کو بنانے میں ان کا بڑا کردار ہوتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ ان کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پرتوجہ دی جائے۔کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اجلاس میں اڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر انصر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ رمیشاء جاوید، ڈائریکٹر کالجز شیر احمد ستی، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکواٹر وحید صادق،فرحان بخاری کے علاوہ پرائیویٹ و سرکاری کالجز کے سربراہان کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔اس مو قع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ریڈکریسنٹ کی جانب سے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو بچوں کی تعداد کی حساب سے ٹکٹس دئیے جائیں۔
طلباء کو ہرگز ٹکٹس خریدنے پر مجبور نہیں کیا جائے بلکہ انہیں آگاہی دی جائے کہ ان کی یہ چھوٹی سی کوشش ایک بڑے کارخیر کا باعث بنے گی۔ اس موقع پرریڈکریسنٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ ہسپتال 04 کنال پر محیط ہے اور اس وقت اسے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر ہسپتال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے,اب تک یہاں لاتعداد مریض چیک اور ڈیلیوریز کی جا چکی ہیں۔ہسپتال کی فیملی پلاننگ یونٹ فعال ہے۔
گرین سٹار کا ٹینڈر ہوچکا ہے اور 06 ملین کی ریومپنگ جس میں لیبر روم، اوٹی روم، ریکوری روم، فیملی پلاننگ یونٹ اور مریضوں کی انتظار گاہ بنائی جائیگی۔ لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ مختلف بیماریوں میں مبتلا، زلزلہ، سیلاب اور دیگر آفات کے متاثرین کی مدد کر کے ہم دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔