ملتان۔ 24 اپریل (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ طلباء و طالبات پاکستان کے روشن مستقبل کی واضح دلیل ہیں،طلباء و طالبات آگے بڑھیں اور ملکی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں بہا ئوالدین زکریا یونیورسٹی کے 19 ویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنرپنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ناموریونیورسٹی میں آنا ان کیلئے خوشی اوراعزاز کی بات ہے،طلبا وطالبات اس ملک کا مستقبل ہیں، طلبا ء وطالبات اپنی مہارتوں کو دنیا بھر میں استعمال کریں۔
انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ والدین نے اپنا پیٹ کاٹ کاٹ کر آپ کو یہاں تک پہنچایا، میری نصیحت ہے کہ والدین کو کبھی نہیں بھولنا،اپنی توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں، تعلیم سے ہی قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔سردار سلیم حیدر نے کہا کہ بہترین انسان بننا اور ملک کی پہچان بننا اصل کامیابی ہے،پاکستان عظیم ملک ہے،64فیصد نوجوانوں نے گرین پاسپورٹ کی عزت کو بڑھانا ہے،طلباء و طالبات ملکی تعمیروترقی میں اپنا بھرپور کردار اداکرنے کا عزم کریں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ میڈلز اور تصاویر کیلئے نئے انداز اپنانے پر بہائو الدین زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر مبارکباد کے مستحق ہیں، بجلی کے حوالے سے یونیورسٹی نے 17 فیصد بچت کی اور جامعہ کا سولر منصوبہ بھی زیرغورہے ،وائس چانسلر جامعہ کو اس پر بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ڈیجٹالزیشن اہم قدم ہے، یونیورسٹی کا طلبا طالبات کو اس سے مستفید ہونگے،وائس چانسلر بہاالدین زکریا یونیورسٹی کے اقدامات دیگر یونیورسٹیوں میں بھی لاگو کریں گے۔
سردار سلیم حیدر نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو رہنمائی اور دورجدید کے تقاضوں کو پورا کرنے کی ضرورت ہے،گراس روٹ لیول پر گیم نہ ہونے کی وجہ سے ہماری سپورٹس پستی میں چلی گئی ہیں،تمام یونیورسٹیوں کو کھیلوں پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہیے،بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کو 50 سال کا ہونے پر بھی مبارکباد دیتا ہوں۔