طلبامنفی سوچ کی بجائے مثبت رویوں کو اپنے اندر پروان چڑھائیں، گورنر پنجاب کا جی سی یونیورسٹی میں کانووکیشن سے خطاب

125

فیصل آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ منزل کو پانے کیلئے سخت محنت اور کئی مشکلات سے گزر کر کامیابی کا ثمر ملتا ہے، میں آپ کے والدین اور اساتذہ کرام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی محنت کی بدولت آپ کو کامیابی ملی، آپ اس جامعہ اور ملک کا سرمایہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے 10 ویں کانووکیشن کے موقع پر کیا۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے 10 ویں کانووکیشن کا جمعہ کے روز انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن تھے جبکہ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد کمال،کنٹرولر امتحانات مظہر حیات سمیت ڈین،پروفیسرز،مختلف شعبہ جات کے ہیڈز،فیکلٹی ممبران،سینڈ یکیٹ ممبران، طلبا و طالبات اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور یونیورسٹی کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر 2016 تا 2020 کے 150 پی ایچ ڈی ہولڈرز، مختلف ماسٹر ڈگری و ایم فل پروگرامز کے طلبا وطالبات میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کئے گئے۔گورنر پنجاب نے طلبا پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ منفی سوچ کی بجائے مثبت رویوں کو اپنے اندر پروان چڑھائیں، جو وعدہ کریں اسے پورا کریں، اللہ تعا لیٰ ایسے شخص کو پسند فرماتا ہے۔ ہمارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے ہمیشہ اپنے وعدوں کو پورا کرو۔

انہوں نے مثبت کردار سازی پر بھی زور دیااور کہا کہ غصہ حرام ہے، غصے کی حالت میں بعض اوقات ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان اس دنیا میں خالی ہاتھ آتا ہے جو اسے نعمتیں ملتی ہیں اس چاہیے کہ اپنے خدا کا شکر ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ انسان کو جو کامیابی ملتی ہے اس کا ذریعہ بننے والے والدین اور اساتذہ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی کامیابی میں یونیورسٹی کے چھوٹے سٹاف سے لیکر اساتذہ کرام اور تمام سٹاف کی محنت بھی شامل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا مقصد آپ لوگوں کو کامیاب دیکھنا ہے لہٰذا اپنی توا نا ئیوں کو نکھاریں کیو نکہ آ پ کو آنے والے وقت میں ملک و قوم کی رہنمائی کرنا ہے۔ انہوں نے ملک میں حالیہ سیلاب کے دوران سیلاب زدگان کی امداد کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبا کے کردار کو سراہااور کہا کہ اس کار خیر کو آگے بھی جاری رہنا چاہیے۔

انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارے تعلیمی ادارے ایسے گریجویٹس پیدا کریں جنہیں اپنے علوم پر مکمل دسترس حاصل ہواور وہ اعلیٰ اخلاقی اقدار کے حامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اداروں کو صنعت اور سماج کی ضروریات کے مطابق ہم آہنگ کرنا ہوگاتاکہ ہم اپنے مقامی مسائل کا حل تلاش کرسکیں۔انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ جدید تحقیقی علوم اورعلم کے فروغ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔